پرتاپ گڑھ ۔ اتر پردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کی تھانہ فتن پور پولیس نے علاقے
کے بیرا پور بازار میں گزشتہ منگل کی شام پیش آئے فرقہ وارانہ تشدد کے
وقوعہ میں دونوں فریقوں کے 28 نامزد اور 90 نامعلوم کے خلاف کیس درج کرکے 9
افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایس پی نے لاپروائی برتنے کے الزام میں
ایس ایچ او مرتنجئے مشرا کو لائن حاضر کر دیا ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم پی
ورما نے بتایا کہ دونوں فرقوں کے مابین ہوئے تصادم میں دونوں فریقوں کی
جانب سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے
۔ فتن پور ایس ایچ او مرتنجئے مشرا
کو لاپروائی برتنے پر لائن حاضر کرکے ان کی جگہ سنیل دت رائے کو ایس ایچ او
بنایا گیا ہے ۔ تھانہ فتن پور پولیس کی جانب سے ایک فریق کے راہل یادو،رنجیت چورسیہ ،شبھم
چورسیہ و راجو یادو سمیت 18 نامزد اور 50 نامعلوم جب کہ دوسرے فریق انتقام
علی ۔عبدالمنہاج ،بھونوں و غفران سمیت 10 نامزد و 40 نامعلوم کے خلاف سنگین
دفعات میں معاملہ درج کرکے ایک فریق کے پانچ دوسرے فریق کے چار افراد سمیت
کل 9 افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔